ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر: نونیت رانا کے جلسے میں عوام کا ہنگامہ، نعرے بازی اور کرسیوں کی توڑ پھوڑ

مہاراشٹر: نونیت رانا کے جلسے میں عوام کا ہنگامہ، نعرے بازی اور کرسیوں کی توڑ پھوڑ

Sun, 17 Nov 2024 17:05:48  SO Admin   S.O. News Service

امراوتی، 17/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) مہاراشٹر کے امراوتی ضلع میں بی جے پی کی اسٹار پرچارک اور سابق رکن پارلیمنٹ نونیت رانا کے عوامی جلسے میں زبردست ہنگامہ آرائی دیکھنے کو ملی۔ یہ واقعہ ہفتہ کے روز کھلّار، دریا پور تعلقہ میں پیش آیا، جہاں جلسے کے دوران اچانک بھیڑ مشتعل ہو گئی۔ لوگ نعرے بازی کرتے ہوئے ایک دوسرے پر کرسیاں پھینکنے لگے۔ کچھ کرسیاں نونیت رانا کی طرف بھی اچھالی گئیں، جو ان کے باڈی گارڈز کو جا لگیں۔ صورتحال بگڑتے ہی سیکورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نونیت رانا کو بحفاظت جلسہ گاہ سے باہر نکال لیا۔

بی جے پی رہنما نونیت رانا دریا پور سے یووا سوابھیمان پارٹی کے امیدوارکے لیے تشہیر کر رہی تھیں۔ ان کی تشہیر کے لیے ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس میٹنگ میں کسی بات پر بحث چھڑ گئی، جس نے ہنگامہ کی شکل اختیار کرلی۔ اس کے بعد کارکنوں نے ایک دوسرے پر کرسیاں پھینکنی شروع کردیں۔ اس کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔

اس معاملے میں نونیت رانا کی طرف سے پولیس میں شکایت درج کرا دی گئی ہے۔ سابق رکن پارلیمنٹ اپنی ریلی میں تشدد کو دیکھتے ہوئے اپنے حامیوں کے ساتھ کھلّار پولیس اسٹیشن پہنچیں، جہااں ان کی شکایت پر معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔ وائرل ویڈیو کی بنیاد پر ملزمین کی شناخت کی جا رہی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ نونیت رانا امراوتی سے آزاد رکن پارلیمنٹ رہ چکی ہیں۔ روی رانا ان کے شوہر ہیں جو موجودہ ایم ایل اے ہیں۔ نونیت رانا نے شادی کے بعد سال 2014 میں لوک سبھا انتخاب میں این سی پی کے ٹکٹ پر امراوتی سے انتخاب لڑا تھا، لیکن وہ ہار گئی تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے 2019 کے انتخاب میں آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب لڑا تھا جس میں انہیں کامیابی ملی تھی۔ حالانکہ 2024 کے لوک سبھا انتخبات میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


Share: